Sunday 8 September 2013

تعارف


بسم الله الرحمن الرحیم
 
 

پس منظر


جوں جوں سائنس اور ٹیکنالوجی نے  ترقی  کی انسان کے  لئے  آسانیاں پیدا ہوتی گئیں ۔ جس سمت بھی نظر دوڑائیں ہر طرف مشینیں ہی مشینیں نظر آتی ہیں ۔ موجودہ دور میں ضروریات زندگی کی شاید ہی کوئی ایسی چیز ہو جس کی تیاری سے لیکر ہم تک پہنچنے میں مشین کا استعمال نہ ہو۔
مشینوں کی اس  کی بہتات نے لوگوں کے طرز زندگی کو بدل کر رکھ دیا  ہے ۔ مگر اب دور بدل رہا ہےاوروقت مزید ایک قدم آگے کی جانب  بڑھاتے ہوے اکیسویں صدی کے دوسرے عشرے میں اپنا سفرجاری رکھے ہوئے ہے ۔ مشینوں کے اس استعمال کے ذریعے ہماری سوچوں کو آہستہ آہستہ جس جانب لے جایا جا رہا ہے وہ راستہ تاریکی  کے ایسے بلیک ہول میں جا پہنچتا ہے جہاں سے آج تک کسی بھی قوم کی واپسی نہیں ہوئی، مگر اب یہ دوربھی بدل چکا ہے اور اب دور ہے کمپیوٹر اور ٹیلی ویژن کا ....میڈیا کااور الیکٹرانک میڈیا کا.
گزشتہ چھبیس سالوں میں جس قدر ترقی اور  پذیرائی الیکٹرانک میڈیا (چاہے وہ کمرشل میڈیا ہو یا سوشل ) کو حاصل ہوئی ہے اسکی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ میڈیا کا ہماری زندگی میں کردار اس حد تک سرایت کر گیا ہے کہ ہم کپڑوں سے لیکر کھانا کھانے تک، تفریح سے لیکر تعلیم حاصل کرنے حتٰی کہ شادی کی تقریب سے لے کرمیت کی تدفین تک ہر چیز میں اس سے مدد  حاصل کرتے ہیں۔ کچھ بھی کرنا ہو بس دماغ کا شٹر ڈاؤن کر کے  میڈیا کی آنکھ کھول لیں ہر چیز کا منفرد اور بہترین طریقہ مل جائے گا ۔ اس قدر ترقی کے باوجود آج بھی انسان محتاج ہے اور سائنس بے بس ، کیونکہ ہمارے (مسلمانوں کے) اجداد نے جس سائنس کی بنیاد رکھی تھی وہ آج اپنے زمانہ عروج پر پہنچ کر اگلی منزل کی جانب رواں دواں ہونے کے لئے پھر سے کسی ابن الہیثم کے انتظار میں ہے ۔
ہماری بدقسمتی یہ ہے کے ہم نے سفر کو ہی منزل سمجھ لیا ہے اوراسی کے لئے جدوجہد میں لگے ہوے ہیں ۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تبدیلی کو ترقی  کے نام سے منسوب کر دیا ہے ۔ آج دنیا کے معیار تبدیل ہو چکے ہیں، ہم  ٹچ موبائل کو جدت ،مصنوعی دل کو سائنس اور بہترین ڈگری کو تعلیم سمجھ بیٹھے ہیں ۔ جبکہ اخلاقیات  کی مد میں جسم کی نمائش  کو ماڈرن ازم ،چھچھورپن کو تفریح اور تذلیل کو تنقید سے تبدیل کر دیا  گیا ہے. ہمیں اس حال تک پہنچانے میں میڈیا کا کردار سب سے نمایاں ہے ۔
ہماری زندگیوں سے براہ راست جڑے ہونے کی وجہ سے میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ایسے رجحانات کو متعارف کرواے جن کے نتائج زیادہ فائدہ مند اور دور رس ہوں ۔ موجودہ میڈیا ٹیکنالوجی کے اس دور میں تمام تر جدید آلات سے استفادہ کرتے ہوے معاشرے کی اصلاح اور پختگی کی سطح پر لانے کے لئے کیے جانے والے  اقدامات ایسے ہی ہیں جیسے ایک سنگترے سے ایک قطرہ رس نکالا جائے اور باقی کا سنگترا ضائع کر دیا جائے ۔
ایک عام شہری یا سول سوسایٹی کا  نمائندہ ہونے کی وجہ سے ہم پر بھی کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور جو لوگ کسی نہ کسی ضمن میں  اپنی یہ ذمہ داریاں  سر انجام دے رہے ہیں وہ  اور ان کا  کام قابل تحسین ہے ۔

تعارف


پاکستان TV اپنی مدد آپ کے تحت شروع کیا جانے والا پاکستان کا پہلا اور دنیا کا سب سے بڑا انٹرنیٹ بیسڈ سوشل ٹیلی ویژن پراجیکٹ ہے۔
جس طرح آپ کیبل یا سیٹلائٹ کے ذریعہ سے مختلف ٹی وی چینلز کی نشریات دیکھتے ہیں "پاکستان TV " بھی اسی طرز پر ٹیلی ویژن کی مکمل نشریات کو بذریعہ انٹرنیٹ دکھانے کا منصوبہ ہے۔
اگر آپ اپنے مُعاون سرچنگ ٹولز سے "سوشل ٹیلی ویژن" سے متعلق تلاش کریں تو پتہ چلے گا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ترین ممالک بھی ابھی تک "سوشل ٹیلی ویژن "کی باقاعدہ نشریات پیش کرنے سے معذور ہیں. اور اس ضمن میں اگر کہیں کوئی کام ہو بھی رہا ہے تو وہ زیادہ سے زیادہ ٹیوب یا پرسنل ونڈو سٹریمنگ کی صورت میں موجود ہے. 
جاپان سائنس اور ٹیکنولوجی کے حوالے سے دنیا کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک ہے .  2011ء میں جاپان میں منعقد کی گئی DLD (ڈیجیٹل لائف ڈیزائن) کی ایک کانفرس میں یو ٹیوب اور Yahooسمیت سوشل میڈیا کے تقریباً سبھی سروس پروائیڈر کمپنیز کے مالکان اور نمائندوں کی موجودگی میں دنیا کی صف اول کی پروڈکشن کمپنی"Endemol" کے اس وقت کے CEO جن کا نام "Ynon Kreiz" تھا نے اپنے خطاب میں کہا کہ "ابھی تک ہمارے پاس کسی باقاعدہ سوشل ٹیلی ویژن کا کوئی تصورموجود نہیں اور اگر کوئی تصور موجود بھی ہے تو وہ تخیلاتی یا تجرباتی مراحل سے گزر رہا ہے". انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ "لوگ کہتے ہیں کہ یہ (سوشل ٹیلی ویژن) ایک بڑا ذریعہ آمدن ہو سکتا ہے جبکہ میں کہتا ہوں یہ ایک بہت بڑا ذریعہ آمدن ہو گا ".
"پاکستان TV" کی لاگت کا تخمینہ تقریباً پانچ کروڑ روپے ہے جو اشتہارات اور سپانسرز کی مد میں حاصل ہونے والی سالانہ آمدن کا تقریباً نصف  بنتا ہے۔ اسکے علاوہ "پاکستان TV" ملک میں رائج مختلف زبانوں، تہذیبوں، ثقافتوں اور مذہبی عقائد کی حفاظت و بقاء کیلئے موثر کوششوں کے ساتھ ساتھ 3000  افراد کیلئے براہ راست باعزت روزگار فراہم گا جبکہ یہ پچاس ہزار سے زائد باصلاحیت افراد کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گا . اس کے علاوہ یہ مختلف شعبہ ہاےُ زندگی کے تجربہ کار اور سینئر افراد کے تجربے سے استفادہ کرنے اور ملک و ملت کی نظریاتی بنیادوں کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے بھی مدد گارثابت ہوگا ۔ "پاکستان TV" پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل کو مثبت سمت میں متحرک کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کروانے کیلئے منفرد انتظامات کر رہا ہے . (تفصیلات  کیلئے بروشر  ملاحظہ  کریں)

"پاکستان TV" پاکستانی قوم کیلئے ایک اعزاز ہے اور وقت کی ضرورت بھی، دنیا بھر میں ذرائع ابلاغ کے شعبے میں بے پناہ ترقی کے باوجود کمرشل میڈیا (الیکٹرانک و پرنٹ) میں بہت سی خامیاں اور قباحتیں باقی ہیں، اس لئے یہ دورِ جدید کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ناکافی ہیں۔ خاص طور سے کمرشل میڈیا کے 'بڑوں' کی روایتی نشریات جس میں جدت اور آزادی اظہار کے نام پرغیر ملکی کلچر اور فحاشی و عریانی  کو فروغ دیا جانا ایک انتہائی قابلِ مذمت اقدام ہے ، جبکہ روایتی سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے جہاں فائدہ حاصل ہو رہا ہے تو وہیں دوسری جانب معاشرہ اس سے ذہنی انتشار کا شکار ہو رہا ہے ۔  
چونکہ ابھی تک وطنِ عزیز میں باقاعدہ سوشل ٹیلی ویژن کا محض تصور ہی موجود ہے، ایسے میں سوشل ٹیلی ویژن کیلئے کسی متوازن قانون کی عدم دستیابی کے باعث "پاکستان TV" نے میڈیا کی دنیا میں اس خلاء کو پُر کرنے کیلئے چند قوائد و ضوابط وضع کیے ہیں تاکہ اپنے لئے معتدل حدود کا تعین کیا جاسکے۔ اس ضمن میں "پاکستان TV" نے اپنے مرکزی خیال "نوجوان پاکستان" کو مدِنظر رکھتے ہویے ایک مشن اسٹیٹمنٹ مرتب کی ہے.

مشن سٹیٹمنٹ
" کمرشل اِزم کی دنیا سے ہٹ کر حقیقی زندگی کی عکاسی کرتے ہوئے معاشرے کے ہر فرد کو اسکی ذمہ داریوں کا احساس دلانا "
اس مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے "پاکستان TV" نے ایک منفرد انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا ہے اور ساتھ ہی ماڈل سوشل ٹیلی ویژن پالیسی اور  آئی میڈیا پالیسی ترتیب دی ہے
(نوٹ: احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے "پاکستان TV " اپنے پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئےانتظامی امور یا پالیسی میں  کسی بھی  تبدیلی کا اختیار رکھتا ہے ) 


انتظامی ڈھانچہ

1.    ادارے کا سربراہ CEO ہو گا جس کا کام پالیسی بنانا اور تمام امور کی نگرانی ہوگا۔
2.    CEO بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تقررکرے گا جس کے پانچ ارکان ہوں گے۔
i.  ڈائریکٹر انویسٹی گیشن & لیگل افیئرز
ii.  ڈائریکٹر فائنانس & اکاونٹس
iii.  ڈائریکٹر ہیومن ریسورس & پلاننگ
iv.  ڈائریکٹر اسیسمنٹ & ایویلو یشن
v.   ڈائریکٹر میڈیا مارکیٹنگ & پبلسٹی
3.    بورڈ کا ہر ممبر اپنی جاب ڈسکرپشن کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔
4.    بورڈ متفقہ طور پر ایک MD (منیجنگ ڈائریکٹر) کو منتخب کرے گا جو ادارے کے تمام امور کو چلانے کیلئے خودمختار ہو گا۔
5.    بورڈ کا ہر ممبر براہ راست MD (منیجنگ ڈائریکٹر) کو جواب دہ ہوگا۔
6.    MD (منیجنگ ڈائریکٹر) ادارے کے انتظامی سربراہ کے طور پر کام کرے گا۔
7.    MD (منیجنگ ڈائریکٹر) بورڈ کی طرف سے پیش کیے گئے ناموں میں سے "نیشنل پروڈکشن مینیجر" اور "نیشنل چیف ایڈیٹر " کی تعیناتی
 کرے گا۔
8.    پروڈکشن کے شعبے کے تمام امور چلانے کی ذمہ داری"نیشنل پروڈکشن مینیجر"کے ذمہ ہو گی۔
9.    نیشنل پروڈکشن مینجر: زونل پروڈکشن منیجر اور ڈسٹرکٹ پروڈکشن انچارج کیلئے مختلف ناموں کی سفارشات بورڈ کو پیش کرے گا۔
10.  بورڈ کی طرف سے تجویز کردہ ناموں میں سے MD کی منظوری کے بعد زونل اور ڈسٹرکٹ پروڈکشن انچارج تعینات کیے جائیں گے ، جو نیشنل پروڈکشن مینجر کی زیرنگرانی کارنر ٹرانسمیشن سینٹرز (CTC’s) اور ڈسٹرکٹ ٹرانسمیشن سینٹرز(DTC’s) کیلئے پروڈکشن کا انتظام کریں گے ۔
11.   نیشنل چیف ایڈیٹر: کارنر اور ڈسٹرکٹ چیف ایڈیٹر کیلئے بورڈ کو نام تجویزکرے گا۔
12.  بورڈ کی طرف سے تجویز کردہ ناموں میں سے MD کی منظوری کے بعد کارنر  اور ڈسٹرکٹ چیف ایڈیٹر تعینات کیے جائیں گے جو نیشنل چیف ایڈیٹر کی زیرنگرانی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ ملکر کارنر ٹرانسمیشن سینٹرز (CTC’s) اور ڈسٹرکٹ ٹرانسمیشن سینٹرز(DTC’s) کیلئے "پاکستان TV" کی ماڈل سوشل ٹیلی ویژن پالیسی کے تحت کارنر و ڈسٹرکٹ ٹیموں اور نشریات کا اہتمام کریں گے ۔


ماڈل سوشل ٹیلی ویژن پالیسی

 

  • · مفاد عامہ اور معلومات عامہ کے بہترین معیارات  قائم کرنے کے لئے سول سوسایٹی کے نمائندوں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیم میں شامل کرنا ۔
  • · "پاکستان TV" کے زیرِ اہتمام تمام امور کو "مشن سٹیٹمنٹ" کو مدِنظر رکھ کر انجام دینا۔
  • · ٹیلی ویژن ،فلم اور اسٹیج کے سینئر فنکاروں اور ان شعبوں سے وابستہ سینئر افراد کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا۔
  • · ہر قسم کی تفریق سے بالا تر ہو کر باصلاحیت افراد کو سامنے لانے کیلئے Assessment & Evaluation center” سے استفادہ حاصل کرنا۔
  • · زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کام سر انجام دینے والی شخصیات کو "پاکستان TV" کی جانب سے انہی کے شعبے کیلئے "اعزازی سفیر" نامزد کرنا۔
  • · انفرادی یا شخصی تنقید سے بالا تر ہو کر مثبت اور تعمیری پروگرام تیار کرنا۔
  • · ایسے موضوعات کا انتخاب کرنا جن سے معاشرے کے حقیقی مسائل کی عکاسی ہو سکے۔
  • · مقامی مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا۔
  • · ہمارے شہروں، قصبوں اور دیہات میں پائے جانے والے جوہر قابل کی شناخت کرنا، ان کی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا، اور ہماری مقامی کھیلوں کو اس نیٹ ورک کے ذریعے فروغ دینا۔
  • · نظرانداز ہونے والے قومی  و مقامی ہیروز کو سامنے لانا۔
  • · ریاستی اداروں کو مضبوط کرنے اور اُنکے متعلق منفی تاثر کو کم کرنے کیلئے اِن میں موجود اچھی شہرت رکھنے والے افراد  کی پذیرائی کرنا اور اِنکے کارناموں کو سامنے لانا۔
  • · بچوں کی بہترین نشونما کیلئے ان کی صلاحیتوں کو اُبھارنے والے تعلیمی، معلوماتی و تفریحی پروگرامز کا انعقاد کرنا۔
  • · مختلف پروگرامز اور ٹاک شوز میں ایسے موضوعات اور معاملات زیرِ بحث لانا جِن پر بات کرکے اس شعبہ/ معاملہ میں مثبت نتائج کی امید ہو۔
  • · خود پر ہونیوالی تنقید پر ہمیشہ دفاعی ردعمل کا مظاہرہ کرنا، تاوقتیکہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو۔

نیوز پالیسی

  • · مُستند خبروں کا انتخاب کرنا اور تحقیقاتی رپورٹس مرتب کرنا۔
  • · کسی بھی خبر یا معاملہ کو سَنسنی پھیلائے بغیر معتدل انداز میں ناظرین تک پہنچانا۔
  • · اسلامی ممالک کی خبروں پر مشتمل خصوصی بلیٹن کو نشریات میں شامل کرنا۔
  • · بیرون  ملک مقیم پاکستانیوں کی خبروں اور تقریبات کو کوریج دینا،  ان کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور اس کے ساتھ ان کے مسائل کو  منظر عام پر لانا۔ 
  • · ٹریکنگ نیوز کا تصور متعارف کروانا اور عوامی دلچسپی کی حامل ہر خبرکو ٹریک کرنا،  تاکہ ناظرین تک اس خبر کے حوالے سے  ہونے والی تمام  تر پیش رفت لمحہ بہ لمحہ  پہنچائی جا سکے۔
  • · یونین کونسل کی سطح پر خبروں کی مانیٹرنگ کیلئے رپورٹرز کی بھرتی کرنا۔
  • · ابتدائی طور پر بریکنگ نیوز میں کسی بھی قسم کے اِنتشار سے محفوظ رہنے کیلئے کمرشل الیکٹرانک میڈیا پر جاری ہونے والی  بریکنگ نیوز کی پیروی کرنا ۔
  • · داخلی اور خارجی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے والی خبروں سے اجتناب کرنا۔
  • · ہر اُس معاملے کو کوریج دینا جسکا براہِ راست تعلق مفادِ عامہ سے ہو۔
  • · کرنٹ افیئرز کے پرگراموں میں تذلیل اور تنقید میں فرق کو ملحوظ خاطر رکھنا .
  • معتبر تجزیہ نگاروں کے تجزیہ کے ساتھ ساتھ عوامی رائے پیش کرنا۔
  • عدالتوں میں زیرِ سماعت پبلک ویلفیر یا پبلک انٹرسٹ کے کیسز میں مُعزز عدالتوں کے جَجز کی رائے کا احترم کرنا اور عدالت کے فیصلوں پر متبادل رائے سے اجتناب کرنا۔

ایڈورٹائزنگ پالیسی

ایک مکمل پاکستانی ٹیلی ویژن ہونے کے ناطے
  • · "پاکستان TV" صرف پاکستانی مصنوعات اور پاکستانی کاروبار کی تَشہیر کا پابند ہوگا ۔
  • · ڈسٹرکٹ ٹیلی ویژن کے لئے معیاری اشتہارات کی بُکنگ کے پیشِ نظر مُستند مصنوعات اور مُستند کاروبار کی تَشہیر کرنا۔
  • · چھوٹے اور درمیانی درجے کے تاجر حضرات کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے کم سے کم پیسوں میں انتہائی فائدہ مند پبلسٹی پلان متعارف کروانا۔ 

(نوٹ: احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے "پاکستان TV" اپنے پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئےانتظامی امور یا پالیسی میں  کسی بھی  تبدیلی کا اختیار رکھتا ہے )
"پاکستان TV " کے کسی بھی شعبے سے منسلک ہونے کے لئے  اس کے قواعدوضوابط سے متفق ہونا لازمی ہے
   

آئی میڈیا پالیسی



  • · کریمنل ریکارڈ رکھنے والے افراد کو "پاکستان TV" کی نمائندگی نہیں دی جائے گی
  • · نمائندگی حاصل کرنے کیلئے فراہم کی جانیوالی معلومات میں کمی بیشی کی صورت میں پیدا ہونے والی کسی بھی پیچدگی کے لئے امیدوار خود ذمہ دار ہوگا۔
  • · بیرون ممالک سے "پاکستان TV" کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے والے امیدوار کو پاکستان میں مقیم کسی ایک خاندان کے کم از کم 3 افراد کی طرف سے نامزد کیا جانا ضروری ہے
  • · ڈسپلن اور قوائد و ضوابط کی مکمل پابندی کی جائے گی ۔خلاف ورزی کرنے والے  نمائندگان کو کام سے روک دیا جائے گا۔
  •  "پاکستان TV " سے منسلک تمام شعبہ جات کے تمام نمائند گان اپنی اپنی جاب ڈسکرپشن کے مطابق اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں گے اور کسی ایک رکن کو کسی دوسرے رکن کے کام میں مداخلت کی اجازت نہیں ہو گی۔
  • · دوران ڈیوٹی تمام نمائندہ گان دو جاب کارڈز استعمال کریں گے ، ایک جاب کارڈ کو اپنے لباس پرآویزاں (Tag) کریں گے جبکہ دوسرا کارڈ اپنی شناخت کے لئے بطور حوالہ پیش کریں گے۔
  • · رپورٹنگ کے شعبے سے منسلک ہونے والے تمام افراد کو ابتدائی طور پر 3 ماہ کے لئے جاب کارڈ جاری کیے جائیں گے ، بعد ازاں اچھی کارکردگی دکھانے والے نمائندگان کو ایک سال کیلئے مستقل جاب کارڈ مہیا کیے جائیں گے۔
  • · "پاکستان TV " کا کوئی نمائندہ کسی بھی صورت میں کسی سے  نقد رقم لینے کا مجاز نہیں ہو گا۔



No comments:

Post a Comment